نیویارک،20مئی(ایس ا ونیوز/آئی این ایس انڈیا)رائے عامہ کے تازہ ترین جائزے سے ظاہر ہوا ہے کہ امریکی عوام میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مقبولیت، جنوری میں اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد سے اپنی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔خبررساں ادارے روئیٹرز کی جانب سے جمعے کے روز جاری ہونے والے نتائج سے پتا چلتا ہے کہ اس وقت صدر ٹرمپ کی ان کی کارکردگی کی بنا پر پسند کرنے والوں کی تعداد 38 فی صد جب کہ ناپسند کرنے والوں کی تعداد 56 فی صد ہے۔ جب کہ 6 فی صدر رائے دہندگان نے ملے جلے جذبات کا اظہار کیا۔یہ سروے 14 سے 18 مئی کے عرصے میں کیا گیا۔ اس دوران دو ہزار لوگوں سے انٹرویوز کیے گئے۔اس ہفتے کے دوران پیر کا اہم واقعہ میڈیا پر ان خبروں کی اشاعت تھی کہ صدر ٹرمپ نے حساس نوعیت کی معلومات روسی عہدے داروں کو فراہم کی ہیں۔منگل کے روز یہ خبریں سامنے آئیں کہ صدر اپنی انتخابی مہم کے روس کے ساتھ تعلق کے سلسلے میں کی جانے والی تحقیقات رکوانے کے لیے ایف بی آئی کے ڈائریکٹر جیمز کومی پر دباؤ ڈالتے رہے۔بدھ کے روز محکمہ انصاف نے ایف بی آئی کے ایک سابق ڈائریکٹر رابرٹ ملر کو صدر ٹرمپ کی انتخاب? مہم اور روس کے درمیان کسی ممکنہ تعلق کی آزادانہ تحقیقات کی ذمہ داری سونپ دی۔اور جمعرات کو، جو سروے کا آخری دن تھا، صدر ٹرمپ نے اپنے خلاف انکوائری پر شد?د برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے ناانصافی قرار دیا۔ان خبروں نے سروے کے دوران رائے دہندگان کی سوچ کو متاثر کیا۔ پچھلے ہفتے کے سروے میں ری پبلیکنز میں مسٹر ٹرمپ کی غیر مقبولیت 16 فی صد تھی جو اس ہفتے بڑھ کر 23 فی صد ہو گئی۔